علی امین گنڈاپور کے بیانات کامیڈی شوز ہوتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی

7 سے ارباب نیاز اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام مکمل نہ ہوسکا، ہمارا یہ حال ہے صوبے میں ایک گرائونڈ نہ بن سکا، گفتگو

منگل 11 جون 2024 18:15

علی امین گنڈاپور کے بیانات کامیڈی شوز ہوتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2024ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور کے بیانات کامیڈی شوز ہوتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک بات تو واضح ہے کہ این آر او نہیں ملنا، میدان بھی حاضر ہے، گھوڑا بھی حاضر ہے، ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے۔انہوں نے کہا کہ میں جس گورنر ہاس میں ہوں آئین اور قانون کے مطابق اس کا تحفظ کروں گا، وزیرِ اعلی کے بیانات سنتے ہیں تو مزا آتا ہے، ہم ریلیکس ہو جاتے ہیں، وزیرِ اعلی کو چاہیے سنجیدگی سے عوامی مینڈیٹ پر عمل درآمد کریں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں، لوگ اغوا ہو رہے ہیں، بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں آج تک اپیکس کمیٹی کی میٹنگ نہیں ہوئی، وزیرِ اعلی اپنا ضلع نہیں سنبھال سکتے اور دیگر جگہوں پر جلسوں میں لوگوں کو للکار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آپ سیاسی بیان ضرور دیں، مجھے بھی علم ہے آپ کی مجبوری ہے، اندر میٹنگ میں کہتے ہیں سرکاری وزیرِ اعلی ہوں باہر پی ٹی آئی کا وزیرِ اعلی بننا مجبوری ہے، ہمیں ان کی مجبوری کا احساس ہے، اجازت دیتے ہیں اس سے بھی زیادہ بڑھکیں ماریں۔

انہوںنے کہاکہ مجھے پتہ چلا ہے کہ2017 سے ارباب نیاز اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام مکمل نہ ہوسکا، ہمارا یہ حال ہے کہ صوبے میں ایک گرائونڈ نہ بن سکا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 15 سال ہوگئے ہیں کہ پشاور میں ایک لیگ بھی منعقد نہیں ہوئی، دعویداروں نے بہت دعوے کیے کہ ہم کھیلوں کے میدان آباد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کے پاس وسائل نہیں تو گرانڈ پی سی بی کے حوالے کر دے، اگر پیسے ہیں تو صوبائی حکومت گرانڈ بنا دے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ گرائونڈ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔