ایران میں ترکش ایئر لائنز کے دفتر کو خاتون ملازمین کے حجاب پہننے سے انکار پر بند کر دیا گیا

بدھ 10 جولائی 2024 17:14

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2024ء) ایرانی پولیس نے دارالحکومت تہران میں ترکش ایئر لائنز کے دفتر کو اس کی خاتون ملازمین کے حجاب پہننے سے انکار پر بند کر دیا ۔عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسران نے قبل ازیں ترکش ایئرلائنز کے دفتر جا کر کمپنی کی ملازمین کو حجاب نہ پہننے پر وارننگ دی تھی، تاہم ملازمین جو ایرانی شہری ہیں نے ایرانی قانون کو ماننے سے انکار کر دیا جس کے بعد پولیس نے دفتر کوبند کر دیا ۔

(جاری ہے)

اس واقعے پر ترکش ایئر لائنز کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ ایرانی حکام گزشتہ سالوں کے دوران ملک بھر میں دکانوں، ریستورانوں سے لے کر فارمیسیوں اور دفاتر تک سینکڑوں کاروباری اداروں کو ان کی طرف سے خاتون ملازمین کو حجاب نہ پہننے کی اجازت دینے پر بند کر چکے ہیں ۔ ایران کے حالیہ صدارتی انتخاب میں کامیاب ہو نے والے پزشکیان اپنی انتخابی مہم کے دوران مغربی ممالک سے بات چیت کرنے اور حجاب کے لازمی قانون کے نفاذ کو آسان بنانے کا وعدہ کیا ہے۔