اقوام متحدہ کا غزہ میں انخلا کے نئے اسرائیلی احکامات پر تشویش کا ظہار

لوگوں کو متعدد بار جبری بے گھر کرکے ان علاقوں میں انخلا پر مجبور کیا جا رہا ہے،بیان

بدھ 10 جولائی 2024 17:14

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2024ء) اقوام متحدہ نے غزہ میں انخلا کے نئے اسرائیلی احکامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیل نی27 جون سے جاری اپنی فوجی کارروائیوں کے سلسلے میں اب غزہ شہر کے لیے تین اور پٹی کے جنوبی علاقوں کے لیے انخلا کے نئے احکامات جاری کئے جہاں اقوام متحدہ کے مطابق لاکھوں فلسطینی پہلے ہی نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے گزشتہ روز کہا کہ انہیں عام شہریوں کے لیے ان نئے احکامات پر تشویش ہے جن میں سے بہت سے لوگوں کو متعدد بار جبری بے گھر کرکے ان علاقوں میں انخلا پر مجبور کیا جا رہا ہے جہاں اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہری مارے جا رہے ہیں اور زخمی ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے کہا کہ عام شہریوں کو وسطی غزہ شہر سے مغرب کی طرف جانے کے لیے کہا گیا تھا جہاں وہ نئی اسرائیلی لڑائی میں پھنس گئے کیونکہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے جنوب اور مغرب میں اپنے حملوں کو تیز کر دیا ہے اور ان علاقوں کو نشانہ بنایا جہاں انہوں نے لوگوں کو منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔

اسرائیل نے غزہ شہر کے مکینوں کو اب دیر البلاح کے علاقے میں منتقل ہونے کے لیے کہا ہے جس کے بارے میں اقوام متحدہ کے دفتر نے کہا ہے کہ یہ پہلے ہی غزہ کی پٹی کے دیگر علاقوں سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں سے بھرا پڑا ہے۔