Live Updates

معاشی بحران کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ،انجینئر قمر الاسلام راجہ

پیر 15 جولائی 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2024ء) ممبر قومی اسمبلی وچئیرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہاہے کہ معاشی بحران کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ،مسلم لیگ ن نے مشکل ترین حالات میں اقتدار سنبھالا،ریاست بچانے کے لئے سیاست کو داؤ پر لگایا،ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا،حلقہ این اے 53 میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے تعلیم اور صحت کے معاملات اولین ترجیح ہیں۔

گرلز ڈگری کالج جھٹہ ہتھیال اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جی ٹی روڈ روات اسی سال مکمل ہوں گے، انشاء اللہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جی ٹی روڈ روات کو اسی مالی سال میں فنکشنل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار چئیرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر الاسلام راجہ ،کنوینئیر ٹاسک فورس راجہ الیاس کیانی نے صوبیدار حنیف کی جانب سے راولپنڈی کے گاؤں موہڑہ پھپھرہ یونین کونسل جھٹہ ہتھیال میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ این اے 53 میں پینے کے پانی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی اداروں کے تعاون سے 71 ارب روپے منظور کروائے جن پر جلد کام شروع ہونے جا رہا ہے حلقہ کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی تکمیل کے لئے 35 کروڑ روپے منظور کروائے،جوڑیاں ہسپتال پر کام جاری رہے گا جو انشاء اللہ اگلے مالی سال میں مکمل ہو گا علاقہ سے پانی کی کمی دور کے لئے مہوٹہ موہڑہ ڈیم کی تکمیل اسی سال ہو گی اس کے لئے فنڈز حاصل کر لیے ہیں سڑکوں ،گلیوں اور نالیوں کی پختگی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے بجٹ ریلیز ہونے کے ساتھ ہی کام شروع ہو جائے گا ۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجہ الیاس کیانی نے کہا کہ ہم نے انجینئر قمر الاسلام راجہ کی قیادت میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کا تہیہ کر رکھا ہے ،ماضی میں علاقہ کو جان بوجھ کر اندھیروں کی طرف دھکیلا گیا انشاء اللہ اب علم کی شمع روشن ہو گی اور اندھیروں کا خاتمہ ہو گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات