Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے مشکل ترین حالات میں اقتدار سنبھالا، ریاست بچانے کے لیے سیاست کو داؤ پر لگایا ، قمر الاسلام راجہ

منگل 16 جولائی 2024 09:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2024ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے مشکل ترین حالات میں اقتدار سنبھالا، ریاست بچانے کے لیے سیاست کو داؤ پر لگایا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، معاشی بحران کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، حلقہ این اے 53 میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ، تعلیم اور صحت کے معاملات اولین ترجیح ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبیدار حنیف کی جانب سے گاؤں موہڑہ پھپھرہ یونین کونسل جھٹہ ہتھیال میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ این اے 53 میں پینے کے پانی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی اداروں کے تعاون سے 71 ارب روپے منظور کروائے جن پر جلد کام شروع ہونے جا رہا ہے، علاقہ سے پانی کی کمی دور کے لئے مہوٹہ موہڑہ ڈیم کی تکمیل اسی سال ہو گی اس کے لئے فنڈز حاصل کر لیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی تکمیل کے لئے 35 کروڑ روپے منظور کروائے گئے ہیں ۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جی ٹی روڈ روات کو اسی مالی سال میں فنکشنل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جوڑیاں ہسپتال پر کام جاری رہے گا جو آئندہ مالی سال میں مکمل ہو گا، گرلز ڈگری کالج جھٹہ ہتھیال اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جی ٹی روڈ روات اسی سال مکمل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں اور نالیوں کی پختگی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بجٹ ریلیز ہونے کے ساتھ ہی کام شروع ہو جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات