کملا ہیرس نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کیلئے درکارمطلوبہ حمایت حاصل

امریکا کی 250 برس کی تاریخ میں صدارتی الیکشن لڑنے والی پہلی غیر سفید فام خاتون بن گئیں

ہفتہ 3 اگست 2024 12:01

کملا ہیرس نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کیلئے درکارمطلوبہ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) کملا ہیرس نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کیلئے درکارپارٹی رہنماؤں کی مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل کرلی۔مطلوبہ حمایت حاصل کرنے کے بعد کملا ہیرس امریکا کی 250 برس کی تاریخ میں بڑے پلیٹ فارم سے صدارتی الیکشن لڑنے والی پہلی غیر سفید فام خاتون بن گئی ہیں اور جیت گئیں تو امریکا کی پہلی غیرسفید فام صدر ہوں گی۔

کملا ہیرس کو باضابطہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار اگلے ہفتے نامزد کیا جائیگا تاہم ڈیموکریٹ پارٹی کے مطابق نائب صدر کملا ہیرس نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے 4 ہزار سے زائد پلیجڈ ڈیلی گیٹس میں سے 3 ہزار 923 ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرلی ہے جس سے وہ ڈیمو کریٹ پارٹی کی صدارتی امیدواربننے کی اہل ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے اچانک باہر ہونے پر ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بعض دیگر شرائط کے ساتھ ساتھ ہر وہ شخص صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہوسکتا ہے جو اپنے حق میں 300 ڈیلی گیٹس کے دسختط حاصل کرلے گا۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے سرکردہ اور منتخب سیاستدان کملاہیرس کے طرفدار رہے جبکہ نامزدگی حاصل کرنے کے دیگر خواہشمند امیدوار مطلوبہ دستخط حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے جس سے کملا ہیرس کا امیدوار بننا یقینی ہوگیا۔بائیڈن کی دستبرداری سے مہینوں پہلے ہی یہ طے کرلیا گیا تھا کہ نامزدگی کیلئے اس بار شکاگو میں 19 مارچ کو ہونے والے کنونشن کا انتظار کیے بغیر ورچوئل ووٹنگ ہوگی تاہم اب کنونشن میں بھی علامتی ووٹنگ کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔

کملا ہیرس نے خطاب میں کہا کہ انہیں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے فرضی نامزدگی پر فخر ہے اور وہ ڈیلی گیٹس اور حامیوں کی شکرگزارہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس 2020 کے پرائمری الیکشن کے مقابلے میں اس بار خود کو ایک مختلف امیدوار کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔کملا ہیرس نے اپنی انتخابی مہم کیلئے نئے مشیروں کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں جن میں ڈیوڈ پلوف بھی شامل ہیں جو سابق صدر بارک اوباما کی پہلی انتخابی مہم کے منیجر تھے۔نومبر کے صدارتی الیکشن میں کملا ہیرس کا مقابلہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔ٹرمپ نے اپنے نائب کے طورپر جے ڈی وینس کو چٴْنا ہے تاہم کملا ہیرس نے تاحال اپنے نائب کا اعلان نہیں کیا۔