لاہور میں ڈاکوؤں نے سائیکل سوار جرمن سیاح کو لوٹ لیا

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 3 اگست 2024 18:00

لاہور میں ڈاکوؤں نے سائیکل سوار جرمن سیاح کو لوٹ لیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 اگست 2024ء) لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک جرمن سیاح کو لوٹنے کی واردات میں ملوث دو ڈاکوؤں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ لاہور پولیس کے ترجمان آغا احتشام نے ہفتے کے روز ڈی پی اے کو بتایا، ''ہم نے واقعے میں ملوث دو ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سائیکل کے ذریعے سیاحت کرنے والا یہ جرمن سیاح محفوظ ہے اور اس کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سائیکل سوار لاہور سے بھارت جانے کا منصوبہ بنا رہا تھا یا اس کا کوئی اور منصوبہ تھا۔

یہ واقعہ جمعے کو نصف شب کے بعد اس وقت پیش آیا، جب 27 سالہ سیاح سڑک کے کنارے ایک عوامی پارک میں لگائے گئے خیمے میں سو رہا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ کم از کم دو ڈاکو اس سیاح سے ایک موبائل فون، کیمرہ، ایئربڈز اور 5000 پاکستانی روپے چھین کر لے گئے۔

مقامی میڈیا نے بظاہر پریشان سیاح کی تصویریں نشر اور شائع کیں، جسے لوٹ مار کے دوران تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان کی تلاش کے لیے مہم میں کم از کم دو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور انہیں امید ہے کہ جلد ہی ملزمان کو پکڑ لیا جائے گا۔ ایک مقامی میڈیا گروپ ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر لاہور میں حالیہ مہینوں میں جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں روزانہ تقریباً 200 افراد لوٹے جاتے ہیں۔

ماہرین تفتیشی عمل میں بدعنوانی، پولیس کی بے پروائی اور پراسیکیوشن میں تاخیر کو جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیچھے کارفرما عوامل قرار دیتے ہیں۔

ش ر⁄ اا(ڈی پی اے)