ہدایت کار خلیل الرحمان کو ہنی ٹریپ کرنے پر گرفتار ملزمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

منگل 6 اگست 2024 15:23

ہدایت کار خلیل الرحمان کو  ہنی ٹریپ کرنے پر گرفتار ملزمہ کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) لاہور انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار ، ہدایت کار و اداکار خلیل الرحمان کو ہنی ٹریپ کرنے اور تاوان وصول کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری پر سماعت 10 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواست پر فریقین کے وکلا کو دلائل کے لئے طلب کرلیا ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پرمنگل کو سماعت کی۔

(جاری ہے)

خلیل الرحمان قمر کے وکیل محمد مدثر چودھری اور صہیب رومی عدالت پیش ہوئے اورمدعی مقدمہ کی جانب سے وکالت نامہ جمع کروایا۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہے، آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ نہیں کیا۔دوران سماعت خلیل الرحمان قمر کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں کیس کی تیاری کیلئے وقت دیا جائے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 10 اگست تک ملتوی کردی۔