دنیا بھر میں ہیضے سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، عالمی ادارہ صحت

جمعرات 5 ستمبر 2024 10:40

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2024ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہیضے سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے اس حوالے سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال اس بیماری سے 4000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جو 2022 کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ ہیں ،اس کے علاوہ دنیا بھر میں ہیضے کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں بھی 13 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں کیا گیا ہے کہ جنگوں ، ماحولیاتی تبدیلیوں ، محفوظ پانی اور صفائی ستھرائی کی ناقص سہولیات ، غربت، پسماندگی اور قدرتی آفات کی وجہ سے آبادی کی نقل مکانی نے گزشتہ سال ہیضے سے اموات کی تعداد میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں ہیضے کے کیسز میں 32 فیصد کمی اور افریقہ میں 125 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال متعدد ممالک نے ہیضے سے ’’کمیونٹی اموات‘‘ کی اطلاع دی ، جہاں لوگوں کو صحت کی سہولیات تک مکمل رسائی حاص نہیں، سب سے زیادہ 222,249 کیس افغانستان میں رپورٹ ہوئے،اس کے علاوہ کانگو، ملاوی، موزمبیق اور ہیٹی میں بھی تیس تیس ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔ماہرین کے مطابق اگرچہ ویکسی نیشن ہیضے کی وبا کو روکنے کا ایک اہم ذریعہ ہے تاہم پینے کا صاف پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت اس کو ختم کرنے اور مستقبل میں ہونے والی بیماریوں کو روکنے کے لیے واحد طویل مدتی اور پائیدار حل ہے۔

واضح رہے کہ ہیضہ آنتوں کی شید انفیکشن ہے جو آلودہ خوراک اور پانی سے لاحق ہوتا ہے، اگرچہ یہ آسانی سے قابل علاج ہے لیکن صفائی تک محدود رسائی والی آبادیا ں اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔