ایک شام، نامور شاعر و ادیب اقبال طارق کے نام

M.Irfan Shafiq محمد عرفان شفیق منگل 10 ستمبر 2024 16:30

ایک شام، نامور شاعر و ادیب اقبال طارق کے نام
کویت سٹی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10ستمبر۔2024ء) چھ ستمبر کی خوبصورت شام بحرین سے خالد سجاد کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے ہوئے نامور شاعر اور ادیب اقبال طارق کے اعزاز میں ایک خصوصی شعری نشست کا اہتمام بعنوان ایک شام اقبال طارق کے نام، ڈاکٹر عامر قدوائی کی صدارت میں سجنے کو تیار تھی۔ کویت میں مقیم برصغیر پاک و ہند کے مقامی شعراء اپنی اپنی نظموں اور غزلوں کے ساتھ آسمانِ سخن پر قوس قزح کے تمام رنگ بکھیرنے کو تیار تھے۔

مہمان خصوصی اقبال طارق کے تشریف لاتے ہی محفل مشاعرہ کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کی سعادت تجوید و قرات کے ماہر، پی ٹی آئی کویت کے صدر، حافظ پیر سید امجد حسین بخاری نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حکیم طارق محمود صدیقی کے حصے میں آئی۔

(جاری ہے)

سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان سے شعر و سخن اور اردو ادب سے محبت کرنے والی شخصیات ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید اور عثمان نواز نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔

جبکہ مہمانانِ اعزاز کے طور پر پیر سید امجد حسین صدر پی ٹی آئی کویت، زبیر شرفی صدر مسلم لیگ نون لیبر ونگ، رانا اعجازصدر کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن، معروف تاجر افتخار گھمن جو علم و ادب سے خاص شغف رکھتے ہیں اور کویت کے علمی، ادبی اور کاروباری حلقوں میں اپنی نیک نامی کی بدولت ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں، محمد انعام، حکیم طارق محمود صدیقی، نعمان اسلم گھمن، عامر روشن اور اردو ادب سے محبت کرنے والے دیگر سامعین مدعو تھے اور منتظمِ اعلیٰ لیاقت علی بٹ نے ہمیشہ کی طرح حسنِ انتظام کا عملی مظاہرہ کیا۔


 نظامت کے فرائض پاکستان کالمسٹ کلب کے جنرل سیکرٹری، نامور ادیب و قلم کار محمد فیصل مرزا نے ادا کیے، ان کے مخصوص لب و لہجے اور تلفظ نے اور شعراء کے کلام نے مشاعرے کی فضاء کو اُردو زبان کی لطافت اور چاشنی سے لبریز رکھا۔ معزز شعراء کرام میں پیر امجد حسین، محمد ریاض، ذوالفقار ارشد ذکی، خضر حیات خضر، عماد بخاری، خالد سجاد احمد اور سعید نظر کڑپوی شامل تھے۔

فیصل مجید نے گفتگو کرتے ہوئے مہمان شاعر اقبال طارق کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کلام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اردو ادب کے لیے اقبال طارق کی خدمات گراں قدر ہیں، ان کا پختہ کلام ان کی شاعری، ان کی وسعت مطالعہ کی دلیل ہے۔ خطبہ صدارت ارشاد فرماتے ہوئے صدر مشاعرہ ڈاکٹر عامر قدوائی اور میزبان خالد سجاد احمد نے مہمان خصوصی اور دیگر تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ مشاعرے کے اہتمام پر شرکاء اور مہمانان گرامی کے لیے پرتکلف عشائیہ اور کیک کٹنگ کا اہتمام تھا۔