خلا میں سفراورقیام میں کامیابی حاصل نہ کرنے کی صورت میں زمین سے بنی نوع انسان کا خاتمہ ہوسکتا ہے، ایلون مسک

بدھ 18 ستمبر 2024 17:04

خلا میں سفراورقیام میں کامیابی حاصل نہ کرنے کی صورت میں زمین سے بنی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) معروف امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے کہا ہے کہ خلا میں سفر اور قیام میں کامیابی حاصل نہ کرنے کی صورت میں زمین سے بنی نوع انسان کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ ایکس ( سابق ٹویٹر ) پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانوں کو دوسرے سیاروں کو آباد کرنا چاہیے اور چاند اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرا نسان بیرونی خلا میں اپنے قیام کا انتظام کرنے میں ناکام رہا تو وہ جلد معدوم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں کوئی بڑے حجم کا دمدار سیارہ زمیں سے ٹکرا سکتا ہے جس کے نتیجہ میں زمین پر موجود زندگی معدوم ہو سکتی ہے ۔ اس کے بعد شدید گرمی سے سمندروں کا پانی ختم ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں بنی نوع انسان کے پاس دو ہی آپشن ہیں یا تو وہ زمین سے خلائی سفر کر کے خلا میں کسی اور جگہ اپنی رہائش کا انتظام کرے یا زمین پر موجود انسانی تہذیب مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں زمین پر ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں۔ اس سے قبل ایلون مسک نے کہا تھا کہ نئے سیاروں اور ستاروں کے نظاموں کی کھوج کے بغیر انسانیت چند سو سال سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکتی۔ لوگوں کو دوسرے سیاروں کو آباد کرنا چاہیے اور چاند اور مریخ پر شہر آباد کئے جانے چاہییں۔انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ناسا کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ساڑھے گیارہ سو فٹ لمبا اور 590 فٹ چوڑا ایک شہاب ثاقب منگل کو زمین سے چھ لاکھ 21 ہزار میل کے فاصلے سے 20 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گزرا ہے۔ اس شہاب ثاقب کا نام 2024 او این رکھا گیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ہر پانچ سے دس سال کے دوران لگ بھگ ایسا ہی ایک شہاب ثاقب زمین کے قریب سے گزرتا ہے۔\932

متعلقہ عنوان :