ہنزہ کو سگریٹ نوشی سے پاک ضلع بنا کر پورے ملک کیلئے رول ماڈل بنایا جائے گا ،وزیراعلی معاون خصوصی ایمان شاہ

پیر 30 ستمبر 2024 21:00

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2024ء) وزیراعلی گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نےکہا ہے کہ سماجی تنظیم سیڈو کے تعاون سے ضلع ہنزہ کو ٹوبیکو فری بنائیں گے تاکہ ہنزہ سے سگریٹ نوشی سمیت دیگر منشیات کا خاتمہ ہو سکے۔ سماجی تنظیم سیڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عزیز کریم کے ہمراہ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہنزہ سیاحوں کا مسکن ہے ،سالانہ لاکھوں کی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں، ہنزہ کو سگریٹ نوشی سے پاک ضلع بنا کر پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ انسداد تمباکو نوشی ایکٹ 2020 میں جلد ضروری ترامیم کر کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تمباکو کی منصوعات کے استعمال کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے معاشرے کو بچایا جاسکے، انسداد تمباکو ایکٹ پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر جتنی جلدی ممکن ہو سکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اس حوالے سے سیڈو کا کردار قابل تعریف ہے کہ وہ اس اہم مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمباکو مافیا جس طرح سے نت نئی منصوعات کے ذریعے معاشرے کو نشے کی طرف راغب کر رہا ہے ایسے میں گلگت بلتستان حکومت تمباکو ایکٹ 2020 پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی اور تمباکو کی نئی مصنوعات پر مکمل طور پر پابندی عائد کرے گی۔ سماجی تنظیم سیڈو کے سی ای او عزیز کریم نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی اور منشیات سے دور رکھنا حکومت گلگت بلتستان اور ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔

ہم سب کو مل کر اس نشے کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیڈو گلگت بلتستان میں گزشتہ کئی سالوں سے اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے اور علاقے سے تمباکو اور اس سے بننے والی منصوعات اور دیگر نشہ آور اشیا کے خلاف کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو اور اس سے تیار ہونے والی نئی منصوعات کے استعمال میں کمی لانے کے لئے صحافی برادری اپنی پیشہ وارانہ تعاون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی روک تھام کے لئے قانون سازی سے متعلق آواز اٹھائیں اور منتخب ممبران اسمبلی کی توجہ اس طرف مبذول کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :