ملک فیروز خان نون بزنس سکول اور سرگودھا چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے

منگل 8 اکتوبر 2024 18:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ملک فیروز خان نون بزنس سکول اور سرگودھا چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔ باہمی تعاون کی یادداشت پر ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد اور چیمبر کے نو منتخب صدر خواجہ یاسر قیوم نے دستخط کیے۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان بطور بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور چیمبر کے نو منتخب عہدیداران بھی موجود تھے۔

باہمی تعاون کے اس سمجھوتے کے تحت ملک فیروز خان نون بزنس سکول اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقعوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ ملک فیروز خان نون بزنس سکول یونیورسٹی آف سرگودھا 2003 میں بزنس ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور آج یہ سرگودھا میں بزنس تعلیم کے ایک ممتاز ادارے کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

بزنس سکول میں تجربہ کار اساتذہ کا عملہ شامل ہے، جن میں 3 پروفیسرز، 2 ایسوسی ایٹ پروفیسرز، 5 اسسٹنٹ پروفیسرز، اور 33 لیکچررز شامل ہیں جبکہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب کے نمایاں چیمبرز میں سے ایک ہے جس کا دائرہ کار سرگودھا ڈویژن تک پھیلا ہوا ہے اور اس کے 1500 سے زائد ممبران ہیں۔ معاہدے کی رو سے دونوں ادارے مل کر مقامی کاروباری اداروں کے لیے تحقیقی کام کریں گے اور کاروباری مطالعے کو فروغ دیں گے، تاکہ نئی نسل کے کاروباری افراد کو تیار کیا جا سکے۔