پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 165,000 پوائنٹس کی سطح بحال

پیر 20 اکتوبر 2025 12:34

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی،   کے ایس ای 100 انڈیکس 165,000 پوائنٹس کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی کا مظاہرہ کیاجس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 65ہزار پوائنٹس کی حد دوبارہ عبور کر گیا۔کاروبار کے آغاز پر سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد اور مثبت معاشی اشاریوں کے باعث انڈیکس میں 1218 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 165,024 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 638 پوائنٹس کی کمی کے بعد 163,806 پوائنٹس پر بند ہوا تھا تاہم آج کے سیشن میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی اور منڈی میں سرگرمیوں میں تیزی نے مارکیٹ کے رجحان کو دوبارہ مثبت کردیا۔ ماہرین کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں، مستحکم مالی نظم و ضبط اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔دوسری جانب، زرمبادلہ کی منڈی میں بھی استحکام دیکھنے میں آیا، جہاں انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 5 پیسے سستا ہو کر 281.10 روپے سے کم ہو کر 281.05 روپے پر آ گیا۔یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت میں بتدریج استحکام اور سرمایہ کاروں کے اطمینان کی واضح علامت ہے۔