پنجاب حکومت کا صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت ہدف مقرر ،سرکاری اراضی پر گندم کاشت لازمی قرار

جمعہ 25 اکتوبر 2024 17:06

پنجاب حکومت کا صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت ہدف مقرر ،سرکاری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2024ء) پنجاب حکومت نے صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر اورسرکاری زرعی اراضی پر گندم کی کاشت کو لازمی قرار دیا ہے،اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی کاشت کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ، سرگودھا 17 لاکھ 40 ہزار، فیصل آباد 18 لاکھ 87 ہزار ایکڑ،گجرات 12 لاکھ 51 ہزار ایکڑ، گوجرانوالہ 11 لاکھ 53 ہزار ایکڑ اور لاہورڈویژن میں13 لاکھ 33 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جائیگی،اسی طرح ساہیوال ڈویژن میں نو لاکھ 20 ہزار ایکڑ، ملتان 18 لاکھ 20 ہزار، بہاولپور 26 لاکھ 11 ہزار ایکڑ اور ڈی جی خان ڈویژن میں 22لاکھ 94 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف ہے،چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گندم کی کاشت کے سلسلہ میں کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ،محکمہ زراعت گندم کی بوائی کیلئے کسانوں کو مکمل تعاون ورہنمائی فراہم کرے،انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے ،گندم بوائی مہم کے دوران محکمہ زراعت کے افسران اپنی تمام تر توجہ مقررہ اہداف کے حصول پر مرکوزرکھیں،سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ گندم بوائی مہم یکم تا30 نومبر جاری رہے گی جس کی مانیٹرنگ کیلئے صوبے، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ زرعی مداخل کی خریداری میں سہولت کیلئے کاشتکاروں کو کسان کارڈمہیا کئے گئے ہیں جس کے ذریعے کاشتکار صوبہ بھر میں رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کی فصل کیلئے بلاسود قرضہ پر زرعی مداخل خرید سکیں گے،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ، محکمہ زراعت کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔