یونیورسٹی آف سرگودھا نے کاروباری تحقیق اور تعلیم کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے،پروفیسر ڈاکٹر سعید اکبر

اتوار 17 نومبر 2024 16:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیر اہتمام منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے پائیدار کاروباری ترقی 2024ء اختتام پذیر ہو گئی۔ دو روزہ کانفرنس میں مجموعی طور پر 74 تحقیقی مقالات پیش کیے گئے جو کہ 6 تکنیکی سیشنز پر مشتمل تھے۔ ان سیشنز میں ماہرین نے پائیدار کاروبار کے فروغ، ماحولیاتی چیلنجز، اقتصادی ترقی اور جدید بزنس ماڈلز کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈین آف سکول آف مینجمنٹ، بریڈ فورڈ یونیورسٹی یوکے پروفیسر ڈاکٹر سعید اکبر تھے۔ اس کے علاوہ ریکٹر نور انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر فاروق انور باجوہ، بریڈ فورڈ یونیورسٹی یو کے سے آئے پروفیسرڈاکٹر عرفان سلیم، ڈاکٹر عثمان مصطفی، ڈاکٹر اعجاز سندھو، ڈائریکٹر اورک یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈین آف سکول آف مینجمنٹ، بریڈ فورڈ یونیورسٹی یوکے پروفیسر ڈاکٹر سعید اکبر نے پائیدار ترقی کے حوالے سے یونیورسٹی آف سرگودھا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے کاروباری تحقیق اور تعلیم کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور اس طرح کی کانفرنسزپائیدار ترقی کے ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے کانفرنس رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کانفرنس کے لیے 100 سے زائد تحقیقی مقالے موصول ہوئے جن میں ملکی اور بین الاقوامی اسکالرز بشمول ملائیشیا، برطانیہ اور چین سے اپنے مقالات پیش کیے۔

کانفرنس میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا جن میں قابل ذکر موضوعات میں لیڈرشپ اور پائیداری، مالیاتی کارکردگی اور پائیداری، پائیدار ایچ آر ایم، پائیداری میں ٹیکنالوجی اور جدت، کاروبار پر سماجی و ماحولیاتی اثرات، علمی سرمایہ اور پائیداری، انسانی سرمایہ اور تنظیمی رویہ اور سماجی و ثقافتی عوامل شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر سعید انور اور پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کانفرنس کے شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔