مستند بنگلہ نژاد پاکستانیوں کو Naraرجسٹریشن کا پابند نہیں کیا جاسکتا ،ڈاکٹر صالح ظہور

جعلی حکومت اب مزید ناقابل برداشت ہے ،اقتدارنگرانوں کے حوالے کرکے نئے انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے ،احتجاجی جلسے سے خطاب

اتوار 19 جنوری 2025 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2025ء)بنگلہ نژاد پاکستانی ملک کے محب وطن شہری ہیں ۔1971 سے قبل یہاں مقیم جن بنگلہ نژادشہریوں کے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں انہیں اسپیشل برانچ انٹیلی جینس پولیس کی جانب ہراساں کیا جاناصریح زیادتی ہے۔ حکومت غیر ملکی تارکین وطن کی آڑ میں پاکستانی شہریوں کو تنگ کرنے کا نوٹس لے ۔

ان کی رجسٹریشن ومیپنگ قابل مذمت نا انصافی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال کے قائد ڈاکٹرصالح ظہور نے گذشتہ روز اخلاص چوک،مچھرکالونی،کیماڑی میںاحتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی رہنمائوں ناصر احمد منا بھائی، مامون الرشید ایڈووکیٹ ،محمد الیاس، عارف ایڈوکیٹ ،مظفر احمد، ابو سعید و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر صالح ظہور نے کہا کہ مسلم لیگ شیر بنگال واضح موقف رکھتی ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر ا ٓکر آباد ہو رہے ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیںلیکن ان کی آڑ میں پاکستانی بنگلہ نژادوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جن کے پاس پاکستانی شہری ہونے کے تمام تر ثبوت موجود ہیں اور وہ ایک طویل عرصے سے نہ صرف یہاں مقیم ہیں بلکہ ملکی معیشت میں اپنا بھرپورکردار بھی ادا کر رہے ہیں ۔

انہیں NARAرجسٹریشن پرمجبور نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے ، ہر چند سال کے بعد اس طرح کی بے ہنگم مہم چلا کر ہمیں ایک عرصے سے تنگ کیا جا رہا ہے ،جو رقوم بٹورنے کامکرودھندہ ہے۔ یہ ناانصافی اب نہیں چلنے دی جائے گی۔PML(SB) کے قائد نے کہا کہ 29 جنوری2011 کواس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے بنگلہ نژادوں کو پاکستانی شہری ہونے کی سند عطا کر کے اس معاملے کو ختم کر دیا تھا لیکن اب اسپیشل برانچ انٹیلی جینس پولیس نے خود ساختہ طورپر قانونی و غیر قانونی افراد کو ایک صف میں کھڑا کر کیNARA رجسٹریشن کاپابندکردیا ہے۔

ڈاکٹر صالح ظہورنے مطالبہ کیا کہ اس غیرقانونی اقدام اور من مانے حکم پر محکمہ پولیس کا محاسبہ ہونا چاہیے ۔PML(SB) کے قائد نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومتیں زیادہ وقت تک نہیں چل سکتیں، فوری طور پراقتدارنگرانوں کے حوالے کرکے نئے انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے۔