ایبٹ آباد، ذہنی دباؤ سے نکلنے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر ہیں ، رجب علی عباسی

جمعرات 23 جنوری 2025 22:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2025ء) رکن خیبر پختونخوا اسمبلی رجب علی عباسی نے کہا ہے کہ عوامی نمائندےایبٹ آباد کی ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔مسائل سامنے لانے میں صحافیوں کا کردار اہم ہے ۔صحافت ایک مشکل پیشہ ہے ،اس کے لئے صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر بڑی محنت سے خبر بنا کر مسائل سامنے لاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل اور ذہنی دباؤ سے نکلنے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر ہیں ۔ضلع کے باصلاحیت نوجوانوں ،کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر مواقع فراہم کروائیں گے۔ایم پی اے مشتاق احمد غنی نے ان ڈور کھیلوں کے لئے ایبٹ آباد شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ جمنیزیم کی منظوری حاصل کی ہے جس سے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس ثاقب خان ،جنرل سیکرٹری عاطف قیوم ،صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد شاہد چوہدری،جنرل سیکرٹری سردار شفیق احمد نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں ممبر تحصیل کونسل چن زیب مغل کے علاوہ پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کےاراکین بھی شریک تھے۔رکن صوبائی اسمبلی رجب علی عباسی نے کہاکہ صحت مند معاشرے میں جسمانی کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔

صحافیوں کی کھیلوں میں دلچسپی معاشرے کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم ہے۔ایبٹ آباد پریس کے صحافیوں کو دیگر بڑے شہروں کی طرح میڈیا کالونی کی فراہمی کے لئے مخلصانہ کوشش کریں گے۔انہوں نے ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کو کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔قبل ازیں پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے قائدین نے سپورٹس گالا کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

تقریب میں مختلف گیمز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے یونین کے کھلاڑیوں کو مہمان خصوصی رجب علی عباسی نے ٹرافی ،شیلڈ اور میڈل دیئے ۔اور نوجوان صحافی سردار توقیر کو مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابی پر پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے نقد انعام بھی دیا گیا۔واضح رہےکہ ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پانچ گیمز کرکٹ ، رسہ کشی ،بیڈ منٹن ،کیرم اور دوڑ کے مقابلوں انعقاد کیا گیا تھا جس میں صحافیوں کے مابین دلچسپ مقابلے ہوئے۔