وومن چیمبرخواتین کے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گا،شاہدہ آفتاب

جمعرات 6 فروری 2025 12:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنے روڈ میپ کے تحت خواتین کے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گا۔ وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدرشاہدہ آفتاب نے وومن بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ خواتین اور خاص طور پر طالبات کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ انہیں کاروباری امور کے بنیادی اصولوں سے بھی آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ طالبات اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد فوری طور پر اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پوری دنیا میں آرگینک فارمنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ اس شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کی بھی اشد ضرورت ہے جس سے خاص طور پر مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں اپنے برانڈ تیار کر کے نہ صرف اندرون ملک فروخت کے علاوہ بیرون ملک بھی برآمد کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اورک کے ساتھ ملکر فیصل آباد کے نواحی علاقوں کے لڑکیوں کے سکولوں کا سروے کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ بچیوں کے رجحانات اور مارکیٹنگ کی ضروریات کے مطابق انہیں سکول میں ہی ضروری ہنر سکھایا جا سکے تاکہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے فوری بعد اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عورتوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعلیم اور صحت پر بھی کام کرنا چاہتی ہیں تاکہ مستقبل میں انہیں بہترین اور معاشرے کا مفید فرد بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ انٹر پرینیورزانٹر ایکشن کے ذریعے کاروباری خواتین کیلئے آپس میں رابطے بڑھانے کے علاوہ تمام لوگوں کو خواتین کی ہنر مندی سے آگاہی ہوتی ہے جو بغیر تربیت کے ہی بہترین قسم کی دستکاریاں تیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وومن چیمبر اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی کلیدی کردار اداکررہا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کا جامع پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ماہرین سکولوں میں جا کر طالبات کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے ہنروں کی بھی تربیت فراہم کریں۔