معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں پنجاب کے 6بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،چوہدری شافع حسین

جمعرات 6 فروری 2025 15:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے پنجاب میں سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں پنجاب کے 6 بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اس لئے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور،سیالکوٹ،گوجرانوالہ،ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کے بعد مزید 4شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کی کارکردگی رپورٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سہولت مراکز کے قیام سے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان سہولت مراکز میں 5 وفاقی اور 28 صوبائی محکمے ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات دے رہے ہیں۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10روزجبکہ ملکی سرمایہ کاروں کو 15روز میں این او سی مل رہے ہیں اب تک 44325 لوگ ان کاروباری سہولت مراکز کا وزٹ کرچکے ہیں اور مختلف محکموں کی طرف سے 11255 افراد کو کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے مشاورت فراہم کی گئی ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز میں اب تک 32547 درخواستیں آئیں اور مختلف کاروباری سرگرمیوں کے لئے 29117 این اوسی جاری کئے جاچکے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سرگرم عمل ہیں۔