سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ،تعاون کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،یوسف رضا گیلانی

جمعرات 6 فروری 2025 23:04

سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ،تعاون کیلئے مل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء)قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، ان شعبوں میں تعاون کے لئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے غیر ضروری رکاوٹوں کو دورکیا جانا چاہیے۔ قائم مقام صدر، پاکستان کے پہلے سکس سٹار ہوٹل موو این پک سینٹوریس کے 21ویں فلور پر پانچ سو فٹ کی بلندی پر پاکستان کے پہلے بلند ترین چائینیز اور پاکستانی ریسٹورنٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سینٹوریس کے پریذیڈنٹ سردار راشد الیاس اور سی ای او یاسر الیاس نے اپنے استقبالی خطابات میں اس پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں۔

(جاری ہے)

قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبہ میں ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، پاکستان کی ثقافت ایک الگ پہچان کی حامل ہے، بطور وزیر سیاحت میں نے سیاحت کو انڈسٹری کا درجہ دیا، اس موقع پر سی ای او سینٹوریس اور اسلام آباد ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے صدر یاسر الیاس خان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کو سپورٹ کیا، ملتان ائرپورٹ ہو یا کاروباری سرگرمیوں کو سپورٹ دینا ہو، اس میں قائم مقام صدر نے بہت اہم کردار ادا کیا، انھوں نے کہا کہ آج ملک بھر کی کاروباری شخصیات یہاں موجود ہیں ، یہی بزنس کمیونٹی پاکستان کی تقدیر بدلے گی، موو این پک سینٹوریس ،پاکستان کا پہلا 6سٹار ہوٹل ہے اس کا کریڈٹ سردار الیاس خان کو جاتا ہے،اب ہم نے سینٹوریس کی ایکسٹنشن کا منصوبہ شروع کیا ہے، ہم بیرون ملک سے سرمایہ کاری یہاں لے کر آئیں گے،اس موقع پر سینٹوریس گروپ کے صدر سردارڈاکٹر راشد الیاس خان نے کہا کہ نیت اچھی اور ملک کی خدمت کا جذبہ ہو تو کوئی بھی چیز نا ممکن نہیں ، سینٹوریس بناتے وقت اور اب بھی یہ کہا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونا ممکن نہیں ہو گا، اللہ کے فضل سے ہم نے دونوں منصوبے مکمل کئے، پاکستان کو اللہ نے ہر نعمت سے نوازا ہے، مقامی اور بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے انشا اللہ ملک کی تقدیر بدلیں گے۔