بینک الفلاح کا قسط بازارکی توسیع کیلئے 55 ملین ایکویٹی اور460 ملین روپے کریڈٹ فیسلٹی کا اعلان

جمعہ 14 فروری 2025 23:07

بینک الفلاح کا قسط بازارکی توسیع کیلئے 55 ملین ایکویٹی اور460 ملین روپے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2025ء) بینک الفلاح نے مالی شمولیت کے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے قسط بازار میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کر دیا ہے ۔تازہ ترین فنڈنگ راؤنڈ کے تحت، بینک الفلاح نے قسط بازار کے سیریز اے فنڈنگ راؤنڈ میں 55 ملین روپے کی اضافی سرمایہ کاری کی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 800 ملین روپے ہے۔

بینک الفلاح نے ایکویٹی سرمایہ کاری کے علاوہ، قسط بازار کو 460 ملین روپے کی قرض سہولت بھی فراہم کی ہے، جو ایک پری اپرووڈ کریڈٹ لائن کے طور پر کام کرے گی اور اس کے ذریعے اسٹارٹ اپ ضرورت کے مطابق فنڈز حاصل کر سکیں گے۔ یہ مالی تعاون قسط بازار کی توسیع اور ترقیاتی مقاصد کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دیا گیا ہے تاکہ اس کے مارکیٹ میں اثرات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ بینک الفلاح کا عزم ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مالی شمولیت کے فروغ کے لیے غیر متزلزل ہے۔ قسط بازار میں 55 ملین روپے کی اضافی سرمایہ کاری اور 460 ملین روپے کی کریڈٹ سہولت کی فراہمی کے ذریعے، ہم نہ صرف ایک متحرک اسٹارٹ اپ کی ترقی میں معاونت کر رہے ہیں بلکہ جدید مالیاتی حل فراہم کرنے کا راستہ بھی ہموار کر رہے ہیں۔

قسط بازار کے سی ای او عارف لاکھانی نے کہا کہ ہماری شراکت داری کے نتیجے میں 75,000 سے زائد پاکستانی اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری انڈس ویلی کیپیٹل اور گوبی پارٹنرز کی قیادت میں سیریز اے فنڈنگ کا حصہ ہے، جبکہ قرض کی فراہمی ہمارے سرمایہ کاروں کی جانب سے مالیاتی جدت کو فروغ دینے اور کم مراعات یافتہ کمیونٹیز کے لیے مالیاتی خلا کو کم کرنے کے عزم کی عکاس اور اہم سنگ میل ہے۔