ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ مدثر فاروق کی زیر نگرانی شہر بھر میں تجارتی مراکز پر تول کے پیمانوں کی سخت چیکنگ

بدھ 5 مارچ 2025 23:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) وزیر صنعت، لیبر، اوزان و پیمائش راجہ محمد صدیق اور سیکرٹری صنعت، لیبر، اوزان و پیمائش خالد محمود مرزا کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ مدثر فاروق کی زیر نگرانی شہر بھر میں تجارتی مراکز پر تول کے پیمانوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔انسپکٹر اوزان و پیمائش راجہ قیصر کی سربراہی میں گوشت مارکیٹ، سبزی شاپس اور کریانہ اسٹورز میں نصب ڈیجیٹل اور الیکٹرانک سکیلز سمیت پیکنگ کے سامان کا معائنہ کیا گیا۔

دورانِ چیکنگ کئی دکانوں میں ناپ تول کے پیما نے درست نہ ہونے پر چالان کیے گئے جبکہ مرغ مارکیٹ اور کریانہ اسٹورز میں مکمل ڈیجیٹل سکیلز نصب کروائے گئے تاکہ صارفین کو اشیائے خوردونوش درست وزن میں فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انسپکٹر اوزان و پیمائش نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاروباری مراکز میں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام کریں اور فوری طور پر ڈیجیٹل سکیلز کی تنصیب یقینی بنائیں۔

جن دکانوں میں ڈیجیٹل اسکیلز موجود نہیں تھے، انہیں وارننگ جاری کی گئی اور ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ وقت میں جدید پیمانہ جات نصب کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف ویٹس اینڈ میئرز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکومتی احکامات کی روشنی میں ناپ تول میں کمی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ اقدام عوام کو معیاری اور مقررہ وزن کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ صارفین کو کسی بھی قسم کے مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :