بلاول بھٹو زرداری بہت جلد کم عمر ترین وزیراعظم بنیں گے اور عوام کے تمام تر مسائل حل کرکے دم لیں گے، فیصل کریم کنڈی کا دعویٰ

اتوار 20 اپریل 2025 13:10

بلاول بھٹو زرداری بہت جلد کم عمر ترین وزیراعظم بنیں گے اور عوام کے تمام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)اسلام آباد میں منعقدہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے وفد نے گذشتہ روز صدر محسن باری کی قیادت میں گورنر خیبر پختو نخواہ فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات کی،وفد میں ریاض کوھمروی،شہزاد حیات خان، زاہد مغل ودیگر شامل تھے، گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں وکشمیریوں نے ملکی حالات میں پیپلز پارٹی کے کردار کو قابل فخر قرار دیا انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کنونشن کا انعقاد مستحسن اقدام تھا جس میں پیپلز پارٹی اوورسیز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی عزت افزائی سے ملکی معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہونگے انہوں نے خیبر پختو نخواہ میں ترقی کے لیئے گورنر خیبر پختو نخواہ فیصل کریم کنڈی کے وژن کو پارٹی کے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کی عکاسی قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اوورسیز حقیقی معنوں میں ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ہماری جماعت پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کے مسائل سے آگاہ ہوں آپ کے جملہ مسائل صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے علم میں لاؤ گا اور ان کو حل کروانے کی پوری کوشش کرونگا انھوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی سحرانگیز شخصیت کے باعث نوآموز پارٹی اپنے قیام کے تین چار سال بعد ہی اقتدار میں آگئی۔پیپلزپارٹی سنٹر آف دی لیفٹ پارٹی تصور ہوتی ہے، اس کیخلاف دائیں بازو کی تمام قوتیں شروع دن سے سرگرم ہوگئی تھیں۔پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں اور سازشیں ہوتی رہیں مگر بھٹو پارٹی کو جن مضبوط بنیادوں پر استوار کر کے گئے اسکے باعث پارٹی نے ہر مشکل میں خود کو سیاسی میدان میں قائم رکھا ہے جبکہ پارٹی وفاق کی علامت بھی تصور ہوتی ہے جس کے حوالے سے بے نظیر بھٹو کیلئے ’’چاروں صوبوں کی زنجیر‘‘ کا نعرہ لگایا جاتا رہا۔

آج بھی پیپلزپارٹی فیڈریشن کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس طرح اپنے دور اقتدار میں ملک کو چلایااور ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی انھوں نے کہا کہ ان شاء اللہ بہت جلد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کم عمر ترین وزیراعظم پاکستان بنیں گے اور عوام کے تمام تر مسائل حل کر کے دم لیں گے۔