لاہور چیمبر اور مڈ سٹی ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 6 مارچ 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مڈ سٹی ہسپتال نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے معیاری طبی سہولیات یقینی بنانا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد اور مڈ سٹی ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب صدیق نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن احد امین ملک بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت مڈ سٹی ہسپتال لاہور چیمبر کے ممبران کو مختلف طبی سہولیات پر خصوصی رعایات فراہم کرے گا ۔ اس ایم او یو کے مطابق لاہور چیمبر کے ممبران کو ہسپتال میں داخل مریضوں کے بلوں پر 20فیصد رعایت، معمول کی لیبارٹری ٹیسٹوں پر 20فیصد رعایت، ریڈیالوجی سروسز پر 20فیصد رعایت اور فارمیسی ادویات پر 6فیصد رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ رعایتی سہولیات لاہور چیمبر کا ممبرشپ کارڈ دکھا کر حاصل کی جا سکیں گی جس سے کاروباری برادری کو معیاری طبی سہولیات سستے داموں دستیاب ہوں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدرنے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ اپنے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتا ہے اور مڈ سٹی ہسپتال کے ساتھ یہ شراکت ایک اہم پیش رفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی نہ صرف تجارتی و اقتصادی مسائل پر توجہ دیتا ہے بلکہ اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو بھی اولین ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیاری طبی سہولیات تک رسائی ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور اس معاہدے کے ذریعے کاروباری برادری کو مالی دباو کے بغیر معیاری طبی خدمات حاصل ہوں گی۔مڈ سٹی ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب صدیق نے اس اشتراک پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہسپتال عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈ سٹی ہسپتال اپنی سپر اسپیشلٹی ڈیپارٹمنٹس اور معروف کنسلٹنٹس کی دستیابی کے ساتھ چوبیس گھنٹے مریضوں کی خدمت کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کامرس کے ساتھ یہ اشتراک نہ صرف کاروباری برادری کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ مجموعی طور پر صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے بھی ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔یہ معاہدہ ایک سال کے لیے موثر ہوگا، تاہم دونوں فریقین باہمی رضامندی سے اس میں ترامیم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کسی بھی فریق کو ایک ماہ کے نوٹس پر اس معاہدے کو ختم کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن احد امین ملک نے کہا کہ یہ معاہدہ لاہور چیمبر کے ان اقدامات میں سے ایک ہے جن کا مقصد اپنے ممبران کو نہ صرف کاروباری فوائد بلکہ ذاتی اور عائلی سطح پر بھی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :