اسلام نے عورتوں کو باعزت مقام دیا ہے جنہیں حقوق فراہم کئے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں، صدر وویمن چیمبر آف کامرس

ہفتہ 8 مارچ 2025 17:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرشاہدہ آفتاب نے کہا ہے کہ اسلام نے عورتوں کو باعزت مقام دیا ہے جنہیں حقوق فراہم کئے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔ہفتہ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ پاکستانی معاشرہ کے ہر شعبہ میں بھرپور ترقی یقینی بنا کر اورتھوڑی سی محنت سے زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کی بدولت انہوں نے پہلے بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے جبکہ ۱ٓئندہ بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں رہیں گی جبکہ معاشرے میں 51فیصد خواتین کو اپنا اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے مساوی حیثیت سے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا نیزاگرورکنگ وویمن اپنی عزت و عظمت کا خیال رکھتے ہوئے اپنا کام ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیں گی تو کامیابی انکا مقدر بنے گی۔

(جاری ہے)

۔انہوں نے کہا کہ وویمن چیمبر آف کامرس خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اورانکی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہے تاکہ ووکیشنل ادارں سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو روزگار کے بہترین و یکساں مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیااورکہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے، ان کو جائز حقوق دلانے اور ان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے لہٰذا ہماری خواتین کو چاہیے کہ وہ صنعتی، کاروباری، تجارتی، در۱ٓمدی، بر۱ٓمدی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی تعمیرو ترقی اور فلاحی کاموں کیلئے بھی آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

متعلقہ عنوان :