خواتین کے لیے روزگار اور اجرت میں برابری کی صورت عالمی جی ڈی پی میں 20 فیصد تک اضافہ ممکن ہے، ورلڈ بینک

بدھ 12 مارچ 2025 08:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) ورلڈ بینک نے کہاہے کہ خواتین کے لیے روزگار اور اجرت میں برابری کی صورت میں عالمی جی ڈی پی میں 20 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔یہ بات معیشتوں کی ترقی میں خواتین کے کردارکے حوالہ سے عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں خواتین کی شمولیت سے معاشی ترقی کا عمل تیزکیاجاسکتاہے۔

رپورٹ کے مطابق برسرروزگار اور اقتصادی طور پر بااختیارخواتین اپنے خاندانوں،کمیو نٹیز اور معاشروں کو تبدیل کرنے میں کلیدی کردار اداکرتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق معاشی مواقع میں خواتین کی موثر شمولیت سے غربت میں کمی کی کوششوں کوتقویت مل سکتی ہے ، خواتین اپنی کمائی کا 90 فیصد تک اپنے خاندانوں اور کمیو نٹیز میں واپس لگاتی ہیں،ان کی ملازمت صرف آمد نی کا ذریعہ نہیں ہوتی بلکہ یہ عزت نفس، مقصد کے احساس اور ان کی حالت کو بدلنے کاباعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق خواتین کے لیے روزگار اور اجرت میں برابری سے فی کس مجموعی جی ڈی پی میں 20 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے تاہم خواتین کی اجرتوں میں تفاوت مسلسل برقرار ہے، 2023 میں صرف 55 فیصد خواتین لیبر مارکیٹ میں شریک ہوئیں جبکہ مردوں کی شرکت کا تناسب تقریباً 75 فیصد تھا، بعض خطوں میں خواتین کی شرکت 20 فیصد سے بھی کم ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 10 برسوں میں افرادی قوت میں 1.2 ارب نوجوان آبادی ہو گی جبکہ ملازمتوں کی تعداد 420 ملین تک متوقع ہے، اس صورتحال میں لاکھوں افراد بشمول نوجوان خواتین معیاری روزگار سے محروم رہ سکتی ہیں۔

عالمی بینک نے تعلیم بالخصوص سائنس،ٹیکنالوجی، انجنئرن،ریاضی کے شعبوں اور زراعت اورچھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار میں خواتین کی شمولیت میں اضافے کےلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔