ایس ای سی پی ٹیکنالوجی پر مبنی ڈسٹری بیوشن چینلز کے ذریعے لائف انشورنس سیونگ پروڈکٹس کی فروخت کی سہولت فراہم

جمعرات 13 مارچ 2025 17:21

ایس ای سی پی ٹیکنالوجی پر مبنی ڈسٹری بیوشن چینلز کے ذریعے لائف انشورنس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے "ٹیکنالوجی پر مبنی ڈسٹری بیوشن چینلز کے ذریعے لائف انشورنس سیونگز پروڈکٹس کی فروخت" سے متعلق ہدایت نامہ 2025 جاری کیا ہے، جس کا مقصد لائف انشورنس سیونگز پروڈکٹس کی ڈیجیٹل تقسیم کے لیے ایک لچکدار اور سازگار ماحول کو فروغ دینا ہے۔یہ ہدایت نامہ تقسیم کاری کو آسان بنانے کے لیے معقول آن بورڈنگ تقاضے متعارف کراتا ہے، جبکہ پالیسی ہولڈرز کے لیے بہتر قدر کو یقینی بناتا ہے۔

اس میں کم چارجز کی ساخت لازم قرار دی گئی ہے اور کم خطرے والے سرمایہ کاری کے آلات میں سرمایہ کاری کی شرط عائد کی گئی ہے تاکہ صارفین کے لیے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یہ ہدایت نامہ ڈیجیٹل لائف انشورنس سیونگز پروڈکٹس کی دستیابی کو فروغ دیتا ہے، جس کے تحت انشورنس کمپنیوں کو لازم ہے کہ وہ کم از کم ایک پروڈکٹ اپنی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے اور ایک آزاد پلیٹ فارم کے ذریعے ایک سال کے اندر پیش کریں۔

(جاری ہے)

کسٹمرکے آن بورڈنگ کے عمل کو آسان بنا کر، اس ہدایت نامے سے ملک بھر میں انشورنس کی رسائی بڑھنے اور انشورنس سیکٹر کی ترقی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ مزید برآں، یہ لائف انشورنس پروڈکٹس، جن میں سیونگز کا عنصر شامل ہوتا ہے، ٹیکنالوجی پر مبنی نئے مواقع فراہم کرتا ہے، جن میں ڈیجیٹل بینک، ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹرز اور ویب ایگریگیٹرز شامل ہیں۔یہ اقدام انشورنس سیکٹر کے لیے ایس ای سی پی کے پانچ سالہ اسٹریٹجک منصوبے کے مطابق ہے، جو آن لائن چینلز کے ذریعے سیونگز پالیسیوں کی تقسیم میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔