گورنمنٹ فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں خصوصی سیمینار کا انعقاد

بدھ 19 مارچ 2025 17:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) گورنمنٹ فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پرنسپل ادارہ پروفیسر ہما مفتی نے فیکلٹی اور طالبات کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ شجر کاری مہم کے موقع پر پلانٹیشن سیمینار کا انعقاد کالج کے شعبہ باٹنی کی جانب سے کروایا گیا تھا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ہما مفتی نے کہا کہ طالبات نے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیا، اسوقت ہمارے خطہ کو موسمیاتی تبدیلیوں جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم سب کی اجتماعی اور انفرادی ذمہ داری ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، اگر طالبات بھی اس مہم کے دوران اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں تو ہم اس سیزن کے دوران کافی درخت لگا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر طالبہ کم از کم ایک درخت لگائے اور اسکی پرورش بھی کرے تاکہ وہ درخت کامیاب ہو سکے، اگر ہم نے اسوقت اپنی اس ذمہ داری کو پورا نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ باٹنی کی چیئرپرسن پروفیسر سارہ نجمہ نے کہا کہ باٹنی کی طالبات کی شجر کاری مہم میں زیادہ ذمہ داری بنتی ہے، آپ نے نہ صرف خود شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینا ہے بلکہ اپنے اردگرد رہنے والوں کو بھی اس جانب راغب کرنا ہے، شعبہ باٹنی کی طالبات لوگوں کی رہنمائی کریں کہ علاقے کی موزونیت کے اعتبار سے کونسے پودے لگائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ درخت کامیاب ہو سکیں۔

اس موقع پر لیکچرار سمعیہ فیاض نے کہا کہ شجرکاری کے طویل المیعاد نتائج ہوتے ہیں کیونکہ درخت ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، درخت آکسیجن فراہمی کا بہترین ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ آلودگی کا خاتمہ بھی کرتے ہیں، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، ہم سب کو چاہیے کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نہ صرف شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں بلکہ آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بھی محفوظ کر سکیں۔