وانا، محکمہ زراعت و جنگلات نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کو نظرانداز کر دیا

ضم شدہ قبائلی اضلاع کے کسانوں ،زمینداروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:10

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)محکمہ زراعت و جنگلات خیبرپختونخوا کی جانب سے رواں سال موسم بہار کی شجرکاری مہم کو بغیر کسی وجہ کے نظرانداز کر دیا گیا، جس سے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے کسانوں اور زمینداروں میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔موسم بہار کو پھلدار اور جنگلی پودوں کی کاشت کا سنہری موقع سمجھا جاتا ہے، مگر بدقسمتی سے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس سیزن میں کسی قسم کا عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

نہ تو پودے فراہم کیے گئے اور نہ ہی شجرکاری کے لیے کوئی حکمتِ عملی سامنے آئی۔مقامی کسانوں اور باغبانوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے محکمہ زراعت اور جنگلات نے قبائلی اضلاع کے کسانوں سے مسلسل لاتعلقی برتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سرکاری سطح پر پودے یا زرعی بیج تقسیم کیے جاتے ہیں تو وہ مخصوص اور منظور نظر افراد کو دیے جاتے ہیں، جب کہ اصل مستحقین ان سے محروم رہ جاتے ہیں۔

کسانوں نے الزام لگایا کہ اکثر اوقات قیمتی بیج اور پودے مقامی مارکیٹوں میں فروخت ہوتے ہیں، جس سے اس پورے نظام کی شفافیت پر سوالات اٹھتے ہیں۔کسانوں اور زمینداروں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور آنے والے سیزن میں قبائلی اضلاع کے کسانوں کے ساتھ مکمل تعاون اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :