چوہدری شافع حسین کا منڈی بہائوالدین کا دورہ ،محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 4 جولائی 2025 22:49

چوہدری شافع حسین کا منڈی بہائوالدین کا دورہ ،محرم الحرام کے سکیورٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منڈی بہائوالدین کا دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق ،کمشنر گوجرانولہ نوید حیدر شیرازی ،آرپی او طیب حفیظ چیمہ ،ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او منڈی بہاوالدین اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

ضلعی امن کمیٹی نے محرم الحرام کے حوالے سے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔صوبائی وزرا نے پولیس و انتظامی افسران کے ہمراہ کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کابینہ کے اراکین فیلڈ میں موجود ہیں ، عشرہ محرم الحرام کے سیکورٹی ودیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزرا کے مختلف اضلاع کے دورے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ۔پر امن فضا ،بھائی چارے کے جزبات اور مزہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دی جارہی ہے کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے ۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف خود سارے عمل کی ۔

مانیٹرنگ کر رہی ہیں ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سیکیورٹی کے ادارے پوری طرح چوکس ہوکر فرائض سر انجام دیں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ اگر کہیں مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فورا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے پنجاب حکومت نے صفائی کو اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے ۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ماتمی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور عزاداروں کیلئے لگائے گئے وزیر اعلی پنجاب کیمپ کا بھی معائنہ کیا ۔ شیعہ کمیونٹی کے راہنمائوں سے انتظامات بارے دریافت کیا۔