کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث ،عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے‘ مسرت جمشید چیمہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 11:49

کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث ،عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی اہمیت کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے عاشورہ محرم پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے ظلم و جبر کے شکار لوگوں کے لیے حضرت امام حسین کی مثال صبر ،برداشت اور ظلم کے خلاف مزاحمت تاریکی میں امید کا دیا جلائے رکھتی ہے،نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے محبوب نواسے اسلام کی اخلاقی اساس کی حفاظت کے لیے ڈٹے رہے اور انسانیت کی تاریخ میں اپنی شجاعت، بہادری اور ایمان کی طاقت کے ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔

انہوںنے کہا کہ حضرت امام حسین کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کے خلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے ایک اصولی موقف تھا۔

(جاری ہے)

اس جرتمندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

انہوںنے کہا کہ حضرت امام حسین کے ساتھی جو اس پرآشوب دن میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے ہمیں وفاداری، راست بازی اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں،کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث اور عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے۔