دنیا بھر میں صحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے، پروفیسر ڈاکٹر فیصل صالح حیات

پیر 7 اپریل 2025 23:33

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) خواجہ صفدر میڈیکل کالج کے میڈیکل اسپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔پیر کو یہاں ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت ایک نعمت ہے ، اگر آپ کا جسمانی، ذہنی یا جذباتی سکون متاثر ہو تو زندگی کا ہر پہلو دھندلا سا نظر آنا شروع ہو جاتا ہے، صحت صرف بیماریوں سے بچنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ ایک متوازن اور خوشحال زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے، اس دن کی اہمیت اس بات میں ہے کہ ہم اپنے جسم، دماغ اور روح کی دیکھ بھال کریں اور صحت مند عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہرسال ڈبلیو ایچ او صحت کے عالمی دن کے لیے ایک خاص تھیم پیش کرتا ہے، 2025 کے لیے یہ تھیم ”ہر کسی کے لیے صحت“ (Health for All) ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ ہر انسان کو معیاری صحت کی سہولتیں ملیں چاہےوہ کسی بھی علاقے میں رہتا ہو، اس کا معاشی پس منظر کیا ہو یا وہ کسی بھی نسل، مذہب یا زبان سے تعلق رکھتا ہو، اس تھیم کے تحت ڈبلیو ایچ او کا مقصد ہے کہ دنیا بھر میں صحت کی خدمات کو تمام افراد کے لیے قابل رسائی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

یہ دن ہر سال 7 اپریل کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ اداروں کی اسپانسپر شپ سے منایا جاتا ہے۔