صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ

جمعرات 27 اگست 2026 22:20

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ کیا ۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے علاج معالجے کے لیے آئے ہوئے مریضوں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات بارے دریافت کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی کے ایل آئی راولپنڈی میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا ۔صوبائی وزیر کو ادارے کی کارکردگی، صحت سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت کا پروگرام جلد شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں دو لیور ٹرانسپلانٹ ہوئے، جو بڑی کامیابی ہے، طبی عملے کو مبارکباد۔عالمی سطح کی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گردوں اور جگر کی تکلیف میں مبتلا مریضوں کو پی کے ایل آئی راولپنڈی میں صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ہسپتال میں پنجاب کے علاوہ کے پی کے،شمالی علاقہ جات اور کشمیر سے لوگ علاج کی غرض سے آتے ہیں۔پنجاب میں معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں، دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے لوگ بھی حکومت پنجاب کے اقدامات کے معترف ہیں۔