نیشنل گیمز کراچی کیلئے 32 کھیلوں کے ایسوسی ایشنز کا ٹرائلز میں سلیکٹ کھلاڑیوں کیلئے تربیتی کیمپس کا انعقاد

بدھ 16 اپریل 2025 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) نیشنل گیمز کراچی کیلئے 32 کھیلوں کے ایسوسی ایشنز کی جانب سے ٹرائلز میں سلیکٹ کھلاڑیوں کیلئے تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ کھیل کی جانب سے کیمپس کیلئے سہولیات فراہم کرنے اور صاف شفاف ٹرائلز پر کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز نے مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید ڈائریکٹرجنرل کھیل ڈاکٹر یاسر بازائی کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں یکم مئی سے منعقد ہونے والی 35 ویں نیشنل گیمز کیلئے ٹرائل میں سلیکٹ ہونیوالے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 14 اپریل سے ایوب سپورٹس کمپلیکس کے مختلف وینیوز پر جاری ہے ، ووشو جوڈو فینسنگ،آرچری،ٹیبل ٹینس،ہاکی، کراٹے، باکسنگ سمیت نیشل گیمز میں شرکت کرنے والے 32 کھیلوں کے تربیتی کیمپس 27 اپریل تک جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

کیمپس میں شریک کھلاڑی بھی میڈلز لاکر صوبے کا نام روشن کرنے کیلئے پُر امید ہیں ۔

کھلاڑیوں نے بلوچستان سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھرپورتیاری کررہے ہیں،انشاء اللہ سرخروہوکرلوٹیں گے اور نیشنل گیمز میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز حاصل کرینگے ۔مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے کہا کہ منتخب کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور ان کی مہارتوں کو نکھارنے کے لیے تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے ،ان کیمپس کی نگرانی خود محکمہ کھیل اور ایسوسی ایشن کررہے ہیں، جو نہایت محنت اور لگن سے کھلاڑیوں کو جدید تکنیکس سکھانے میں مصروف ہیں ، کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو جسمانی فٹنس، قوت برداشت، اور ذہنی مضبوطی کے لیے خصوصی مشقیں کروائی جا رہی ہیں ۔