ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں اہم تجارتی نمائش جمعرات سے شروع ہو گی

بدھ 16 اپریل 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں اہم تجارتی نمائش 17سے 19اپریل تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہو گی۔ اس ایونٹ کا اہتمام ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان وزارت تجارت کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ ٹڈاپ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ ایونٹ 194 سے زیادہ نمائش کنندگان اور 70ممالک کے 900سے زائد بین الاقوامی خریداروں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے جو اسے پاکستان میں اب تک کے سب سے اہم تجارتی ایونٹس میں سے ایک بنا رہا ہے۔

HEMS 2025 پاکستان کے تین انتہائی متحرک شعبوں ہیلتھ کیئر، انجینئرنگ اورمنرلز (معدنیات ) کو ایک پلیٹ فارم کے تحت متحد کرتا ہے جو بے مثال اور وسیع بین الاقوامی تعاون، سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے، اس سال کا ایڈیشن اب تک کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ اثر انگیز ہونے کی توقع ہے جس میں صنعتوں کی ایک وسیع رینج کی نمائش کی جائے گی جن میں فارماسیوٹیکلز، آلات جراحی ، آٹوموٹیو آٹو پارٹس، کٹلری، کھیلوں کا سامان، فرنیچر، کیمیکل، لائٹ انجینئرنگ، معدنیات اور بہت کچھ شامل ہے، ہیمز HEMS 2025 کے بینر تلے توسیعی پروگرامنگ کے ایک حصے کے طور پر پاکستان میں پہلی بار جیمز اینڈ جیولریشو بھی منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ خصوصی فیشن شوکیس 17 اپریل کو شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگاجس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی صنعت کے متنوع شعبوں کو فروغ دینے کے لیے نمائش کے عزم کو تقویت ملتی ہے، یہ شو نہ صرف عالمی لگژری اشیا کی مارکیٹ میں پاکستان کے پروفائل کو بلند کرے گا بلکہ اعلی قیمت کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں برآمدات کے لیے نئی راہیں پیدا کرے گا۔

ترجمان کے مطابق HEMS 2025وسیع سطح پر سامعین کو اپنی جانب راغب کرے گا، جن میں برانڈ ڈویلپرز، ٹریڈرز، سورسنگ ایجنٹس، چین اسٹورز، ای کامرس پلیٹ فارمز، ہیلتھ کیئر پروڈکٹ ڈسٹری بیوٹرز، انجینئرنگ پروڈکٹ کے ماہرین، تجارت کو فروغ دینے والی آرگنائزیشنز اور حکومتی ریگولیٹری اتھارٹیز شامل ہیں، توقع ہے کہ یہ ایونٹ سٹرکچرڈ بزنس ٹو بزنس میچ میکنگ فریم ورک کے ذریعے طویل مدتی کاروباری شراکت کیلئے وسیع تجربات کا حامل ہو گا۔

ٹڈاپ نے اس سلسلے میں ایک پورٹل https://hems.tdap.gov.pk بھی شروع کیا ہے، جس میں ایونٹ کی جامع معلومات ڈائون لوڈ کے قابل بروشرز اور بین الاقوامی مندوبین کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے شرکت اور سفری منصوبہ بندی کی سہولت کے لیے ایک موزوں مہمان نوازی کے معیار کا پیکیج شامل ہے۔