ہیلتھ،انجینئرنگ ومنرلز شوکا لاہور میں شاندار آغاز، 70 سے زائد ممالک کے مندوبین کی شرکت

جمعرات 17 اپریل 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے زیر اہتمام ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 کا آغاز جمعرات کے روز لاہور ایکسپو سینٹر میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا،یہ نمائش19 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں پاکستان کی صحت، انجینئرنگ ومعدنیات کی صنعتوں کی ترقی اور عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چودھری شافع حسین تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو TDAP فیض احمد، سیکریٹری TDAP شہریار تاج، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ابوذر شاد اور ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر زین افتخار چودھری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ہیلتھ، انجینئرنگ ومنرلز شو میں70 سے زائد ممالک کے 900 سے زائد غیر ملکی خریدار اور درآمد کنندگان شرکت اور تقریبا 200 پاکستانی نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

شریک ممالک میں چین، نائجیریا، سینیگال، ایتھوپیا، روانڈا، سری لنکا، قازقستان، کینیا، ترکیہ، تاجکستان، ملائیشیا، برطانیہ، اسپین، انڈونیشیا، نیدرلینڈز، کوریا، فلپائن، روس اور ویتنام شامل ہیں۔نمائش میں 20 سے زائد شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئی ہیں، جن میں دواسازی، سرجیکل آلات، زرعی مشینری، تعمیراتی آلات، آٹو پارٹس، کھیلوں کا سامان، موبائل ڈیوائسز، کیمیکلز، برقی آلات، کاسمیٹکس، کٹلری، ہنڈی کرافٹس ، قیمتی پتھراور زیورات شامل ہیں۔

شو کا نمایاں پہلو "منرلز انویسٹمنٹ پویلین" اور "جیمز اینڈ جیولری فیشن شو" ہیں، جو پاکستان کے معدنی وسائل کے پائیدار استعمال اور فیشن انڈسٹری میں ترقی کی جھلک پیش کرتے ہیں۔تقریب کے بعد TDAP کے حکام نے سری لنکا، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے تجارتی وفود سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔TDAP نے شرکت کرنے والے ممالک کے ریگولیٹری اداروں، تجارتی تنظیموں اور چیمبرز کو بھی مدعو کیا تاکہ موثر نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

علاوہ ازیں تیسرے دن کے دوران غیر ملکی مندوبین کے لیے صنعتی دورے بھی رکھے گئے ہیں تاکہ وہ پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں کا مشاہدہ کر سکیں۔نمائش میں مقامی انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے "اسٹارٹ اپ" کے عنوان سے اپنے تحقیقی منصوبے پیش کیے ہیں، یہ قدم نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور تعلیم و صنعت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 نہ صرف پاکستان کی صنعتی قابلیت کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہا بلکہ تجارتی شراکت داری، تحقیق و ترقی اور معاشی تعاون کے نئے دروازے بھی کھول رہا ہے۔