ٹینس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں میں تفریق کی جارہی ہے، سرینا ولیمز

جمعہ 18 اپریل 2025 12:47

ٹینس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں میں تفریق کی جارہی ہے، سرینا ولیمز
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)خواتین ٹینس کی نامور پلیئر امریکا کی سیرینا ولیمز نے کہاہے کہ اس کھیل میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں میں تفریق کی جارہی ہے، اٹلی کے جینک سینر کو ڈوپنگ کیس میں جو سزا دی گئی ہے وہ کم ہے، اگر یہی کچھ اُن کے ساتھ ہوتا تو اُنہیں کم از کم 20 برس کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں سیرینا ولیمز نے کہاکہ ٹینس میں دہرا معیار قائم کیا جارہا ہے، عالمی نمبر ون اٹلی کے جینک سینر کو ڈوپنگ کیس میں جو سزا دی گئی ہے وہ کم ہے۔

سیرینا ولیمز نے کہا کہ اگر یہی معاملہ اُن کے ساتھ ہوتا تو اس کیس میں اُنہیں نہ صرف 20 برس کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا بلکہ اُن سے تمام گرینڈ سلم بھی واپس لے لیے جاتے۔واضح رہے کہ جینک سینر کو ڈوپنگ کیس میں تین ماہ یعنی 9 فروری سے 4 مئی تک پابندی کا سامنا ہے۔ وہ اگلے ماہ روم میں ہونے والے اٹالین اوپن سے کورٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ سیرینا ولیمز کے علاوہ نوواک جوکووچ اور برطانیہ کے لیام بروڈی کا بھی کہنا ہے کہ جینک سینر کو کم سزا ملی ہے۔