معاشی استحکام کے لیے بہترین کاروباری ماحول اور اصلاحات ناگزیر ہیں ، خادم حسین

جمعہ 18 اپریل 2025 13:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کےبورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن خادم حسین نے سازگار کاروباری ماحول اور کاروبار دوست پالیسیوں کی ضرورت زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں غیر ضروری مداخلت اور ریگولیٹری رکاوٹیں کاروبار کو متاثر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاروباری ضوابط میں نرمی، منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل کرنے اور غیر ضروری انسپکشنز کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کی جا سکے۔خادم حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن و امان ناگزیر ہے ، کاروباری برادری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف مسائل کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ ان کے حل میں عملی کردار ادا کرنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے بہترین کاروباری ماحول اور اصلاحات ضروری ہیں۔