پاکستان کیمیکل فورم 2025: 24 سے 26 اپریل تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا

جمعہ 18 اپریل 2025 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاہے کہ تین روزہ میگا ایونٹ "پاکستان کیمیکل فورم 2025" ، 24 سے 26 اپریل تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔ لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن معظم رشید نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پاکستان کیمیکل فورم 2025 ملک میں کیمیکل اور اس سے منسلک صنعتوں کا سب سے بڑا اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا جہاں ملکی و غیر ملکی صنعتکار، ماہرین، تعلیمی ماہرین، طلبہ اور سرمایہ کار ایک ہی چھت تلے جمع ہوں گے۔ یہ نمائش صنعت و تجارت کے فروغ، سیکھنے، اور کاروباری روابط کے قیام کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

نمائش میں سینکڑوں اسٹالز لگائے جائیں گے جہاں کیمیکلز، خام مال، مشینری، لیبارٹری آلات اور تیار مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں غیر ملکی مندوبین کی شرکت متوقع ہے جو پاکستان کی عالمی کیمیکل انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ نمائش چار بڑی ذیلی نمائشوں پر مشتمل ہوگی جو کیمیکل انڈسٹری کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

ان میں "پاکستان کوٹنگ شو" شامل ہے جو پینٹس، انکس اور تعمیراتی کیمیکلز پر مبنی ہوگا، "پاک کیم ایکسپو" جس میں کموڈیٹی کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کو اجاگر کیا جائے گا، "پولی یوریتھین ایکسپو" جو فوم، جوتوں کے مواد، انسولیشن اور متعلقہ مصنوعات پر مشتمل ہوگی اور "پاک لیب ایکسپو" جو لیبارٹری سلوشنز، انسٹرومنٹس، کنزیومیبلز، ٹیسٹنگ سروسز اور اسپیشل فرنیچر پر مبنی ہوگی۔

یہ تمام شعبے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے برآمدات اور صنعتی بہتری کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر معظم رشید نے کہا کہ یہ فورم صرف کاروباری سرگرمیوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ یہ علم کے تبادلے اور صلاحیتوں کے فروغ کا ایک موثر ذریعہ بھی ہوگا۔ نمائش کے دوران مختلف کانفرنسز، سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں صنعت کے ماہرین اور نوجوان پیشہ ور افراد شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال کی نمائش میں ایک خصوصی پروگرام ChemSMART کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوان گریجویٹس اور نئے کاروباری افراد کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنے منفرد اور جدید خیالات براہ راست انڈسٹری ماہرین اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کریں۔ یہ قدم مقامی جدت، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور کاروباری ترقی کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔میاں ابوذر شاد نے اٴْمید ظاہر کی کہ پاکستان کیمیکل فورم 2025 پاکستان کی برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقیمیں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع ہے کہ ہم دنیا کو دکھائیں کہ پاکستان صرف ایک صارف ملک نہیں بلکہ ایک مضبوط اور باصلاحیت قوم ہے۔