معاشی استحکام کے لیے بہترین کاروباری ماحول اور اصلاحات ضروری ہیں‘خادم حسین

جمعہ 18 اپریل 2025 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء) فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے ایک سازگار کاروباری ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کاروبار دوست پالیسیوں کے نفاذ پر زور دیا تاکہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں غیر ضروری حکومتی مداخلت اور ریگولیٹری رکاوٹیں کاروبار کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاروباری ضوابط میں نرمی، منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل کرنے اور غیر ضروری انسپکشنز کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کی جا سکے۔خادم حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن و امان ناگزیر ہے اور کاروباری برادری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد صرف مسائل کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ ان کے حل میں عملی کردار ادا کرنا ہے۔معاشی استحکام کے لیے بہترین کاروباری ماحول اور اصلاحات ضروری ہیں۔