اسٹیٹ بینک آف پاکستان سیالکوٹ کے زیر اہتمام مالی خواندگی واک اور اختتامی تقریب کا انعقاد

اتوار 20 اپریل 2025 19:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان سیالکوٹ نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں مالی خواندگی واک اور اختتامی تقریب کا کامیابی سے انعقاد کیا جو کہ مالی آگاہی اور خودمختاری کے فروغ کے لیے شروع کی گئی ایک اہم مہم کا اختتام تھا۔اس تقریب میں مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد نے شرکت کی جن میں طلبہ، نوجوان، خصوصی افراد، نجی و سرکاری اداروں کے نمائندے، خواتین کے حقوق اور معذور افراد کے لیے کام کرنے والی این جی اوز شامل تھیں۔

ان کی شرکت مالی تعلیم اور شمولیت کے لیے اجتماعی عزم کی مظہر تھی۔اس واک اور تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ، سینئر ڈائریکٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز گرینڈ ایشین یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر کیمپس اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے نمائندگان شامل تھے جنہوں نے مالی خواندگی اور معاشی ترقی کے فروغ میں باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز مالی خواندگی سے متعلق آگاہی واک سے ہوا، جس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف منیجر ایس بی پی بی ایس سی سیالکوٹ فوزیہ اسلم نے کی۔ انہوں نے مالی تعلیم کے ذریعے افراد کو بااختیار بنانے اور معاشروں کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر زور دیا۔ بینکوں نے اس موقع پر معلوماتی اسٹالز بھی لگائے، جہاں شرکاء کو بینکاری خدمات، مالیاتی نظم و نسق اور ترقی کے مواقع کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

ان اسٹالز نے حاضرین کو مالی ماہرین تک براہِ راست رسائی فراہم کی تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق حل دریافت کر سکیں۔مالی خواندگی واک ایک اجتماعی عزم کی علامت تھی جو ذمہ دارانہ مالی نظم و ضبط اور باشعور فیصلوں کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ اختتامی تقریب کے دوران ممتاز مقررین نے مالی خواندگی پر قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے تبادلہ خیال میں حصہ لیا، متاثر کن کامیابی کی کہانیاں سنیں اور ان افراد و اداروں کو سراہا گیا جنہوں نے اس پروگرام کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔