ٹینس سٹار اعصام الحق کا آغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ ، بچوں کے ساتھ وقت گزارا

منگل 22 اپریل 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے منگل کے روز یہاں تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم اور منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا ۔اعصام الحق نے منہاج یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اعصام الحق کواپنی تصانیف کا تحفہ پیش کیا۔

اعصام الحق نے آغوش بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔اعصام الحق نے بچوں کے ساتھ مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ،انہیں صحت مند طرز زندگی اور تعلیم و کھیلوں کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔اعصام الحق نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آغوش آرفن کیئر ہوم ان تمام بچوں کے لئے ایک بہترین پناہ گاہ ہے جنہیں زندگی نے مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے عظیم ادارے ہماری معاشرتی ذمہ داریوں کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔

اعصام الحق نے آغوش کے قیام پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس ادارے کے ذریعے یتیم بچوں کو وہ سہارا دیا ہے جس کی انہیں سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم اور عملے کی کاوشیں بے حد قابل ستائش ہیں جو ان بچوں کو ایک روشن مستقبل دینے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔اعصام الحق نے آغوش کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں تعلیمی سیکشن، رہائشی کمروں اور کھانے کے انتظامات شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات بین الاقوامی معیار کی ہیں ۔