جامعہ مہران میں الیکٹرانکس اور کمپیوٹنگ کمیونیکیشنز پر تین روزہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس شروع

بدھ 23 اپریل 2025 18:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کی جانب سے الیکٹرانکس اور کمپیوٹنگ کمیونیکیشنز میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر منعقد کی گئی۔ تین روزہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب مہران یونیورسٹی کے پانی کے اعلیٰ تحقیقی مرکز میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب کے صدر مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ اس کانفرنس کی کامیابی اس میں پیش کیے جانے والے تحقیقی مقالوں کی تعداد سے ہی ظاہر ہوتی ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا دور ہے اور دنیا میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلیاں آ رہی ہیں،ان تبدیلیوں کو جاننے اور سمجھنے کے لیے اس طرح کی کانفرنسز بہت اہم ہیں، ہمارایہ جاننا ضروری ہے کہ مستقبل کی دنیا کیسی ہوگی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر وجیہہ شاہ نے کہا کہ کانفرنس میں ٹیکنالوجی میں جدید دور کی تبدیلیاں اور رجحانات بحث کا مرکز ہوں گے۔

کانفرنس کی منتظم کمیٹی کی رکن ڈاکٹر کہکشاں کے مطابق 403 تحقیقی مقالے کانفرنس میں پیش کرنے کے لیے موصول ہوئے، جن میں سے چھان بین کے بعد صرف 107 مقالے پیش کرنے کے لیے منظور کیے گئے۔ کانفرنس کے لیے 27 ممالک کے محققین نے اپنے مقالے جمع کروائے۔ امریکہ، چین، برطانیہ، ملیشیا اور سپین کے ماہرین کی جانب سے جمع کرائے گئے مقالوں کو جانچ کے بعد بہترین مقالوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں سائبر سیکیورٹی پر خصوصی سیشن رکھا گیا ہے۔ کانفرنس کے سیکریٹری ڈاکٹر مہیش کمار نے کہا کہ کانفرنس کے دوران دنیا کے مختلف ممالک کے ماہرین اور محققین کو ایک دوسرے کے خیالات سننے کا موقع ملے گا اور علم و تحقیق کے تبادلے کا یہ بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 9 کلیدی مقررین ہوں گے، جن کی آرا ءسے ہمیں سیکھنے کو بہت کچھ ملے گا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق ہاشمانی، ڈاکٹر عبد الستار لاڑک، رجسٹرار لچھمن داس سوٹھڑ اور الیکٹریکل شعبہ کے چیئرپرسن ڈاکٹر آصف علی شاہ سمیت مہران یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔