دانش تیمورالگ ہی کیرکٹر، عائزہ خان بہت معصوم ہیں، شرمیلا فاروقی

بدھ 23 اپریل 2025 19:37

دانش تیمورالگ ہی کیرکٹر، عائزہ خان بہت معصوم ہیں، شرمیلا فاروقی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) رہنماء پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ دانش تیمور کا 4 شادیوں سے متعلق بیان اس بات کا عکاس ہے مرد کیسے مذہب کو اپنے تسلط کیلئے استعمال کرتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہاکہ دانش تیمور ایک الگ ہی کیرکٹر ہیں جبکہ ان کی اہلیہ (عائزہ خان) اچھی، سلجھی ہوئی، شریف، بہت معصوم خاتون ہیں، میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے معصومیت اور شرافت سے اپنے شوہر کی باتیں سنی کہ انہوں (دانش تیمور)نے بڑا احسان کیا عائزہ خان کے اوپر کہ میں چار شادیاں کرسکتا ہوں لیکن فی الحال مجھے آپ ہی سے محبت ہے، یہ بہت توہین آمیز تھا۔

انہوں نے کہاکہ دانش تیمور کا 4شادیوں سے متعلق بیان عکاسی کرتا ہے کہ مرد کس طرح مذہب کو اپنے تسلط کے لء استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین خصوصا بیویوں کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے، وہ ایک لائیو شو میں بیٹھے ہوئے تھے جہاں عائزہ خان بے چاری اٹھ کر اپنے میاں کو کیا کہتی، پتہ نہیں گھر جا کر بھی کچھ بولا ہوگا یا نہیں، لیکن ہمارا معاشرہ ایسا ہے جہاں خواتین کو دبایا جاتا ہے، انہیں سائیڈ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے ایسے میں آپ ایک اسٹار ہیں لوگ آپ کی پیروی کرتے ہیں آپ سے سیکھتے ہیں تو بہتر ہے کہ کوئی اچھی بات کرلو۔