پی آئی اے نجکاری کیلئے دوبارہ اشتہار جاری‘ اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 جون ہے‘ مشیر برائے نجکاری محمد علی

جمعرات 24 اپریل 2025 19:25

qاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء)وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے جس میں اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 جون ہے‘اس بار شرائط میں کچھ تبدیلی کی ہے جس کا مقصد زیادہ اور بہتر سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دوبارہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے جس میں اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 جون ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اس بار شرائط میں کچھ تبدیلی کی ہے جس کا مقصد زیادہ اور بہتر سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حوالے سے پچھلی نجکاری کی کوشش کے بعد سے آنے والی خبریں بڑی مثبت ہیں اور ان خبروں کا قیمت پر اچھا اثر ہو گا۔پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی ممکنہ طور پر سال کی آخری سہ ماہی میں منعقد کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈسکوز کی نجکاری پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔پہلے مرحلے میں شامل ڈسکوز کی نجکاری بھی سال کے آخر تک کر لی جائے گی جس کے لیے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری جولائی تک لے لی جائے گی۔