برطانیہ کے واٹسن نے ٹور آف رومانڈی ٹائم ٹرائل جیت لیا

پرتگال کے سائیکل سوار آئیوو اولیویرا نے دوسری‘ ہسپانوی سائیکلسٹ ایوان رومیو نے تیسری پوزیشن حاصل کی

بدھ 30 اپریل 2025 15:10

برطانیہ کے واٹسن نے ٹور آف رومانڈی ٹائم ٹرائل جیت لیا
برن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)برطانیہ کے سائیکل سوار سیموئیل واٹسن نے ٹور آف رومانڈی میں ابتدائی ٹائم ٹرائل پرولوگ جیت لیا۔ٹور ڈی رومانڈی سائیکل ریس کا 78 واں ایڈیشن سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوچکا ہے۔سائیکل ریس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹ شرکت کر یں گے۔ ریس کے ابتدائی مرحلے سے قبل ابتدائی ٹائم ٹرائل پرولوگ ہوا جس میں برطانیہ کے سائیکل سوار سیموئیل واٹسن نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

23 سالہ برطانوی سائیکلسٹ سیموئیل واٹسن نے 3.4کلومیٹر کا فاصلہ 4 منٹس اور 33 سیکنڈز میں طے کر کے کامیابی حاصل کی۔پرتگال کے سائیکل سوار آئیوو اولیویرا نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ہسپانوی سائیکلسٹ ایوان رومیو نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بیلجیئم کے پسندیدہ سائیکل سوار ریمکو ایونپول آٹھویں نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

انیوس گرینیڈیئرز ٹیم کے سیموئیل واٹسن نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم ایمریٹس کے پرتگالی رائیڈر آئیوو اولیویرا کو کچھ ملی سیکنڈ کے حساب سے ہرا کر سوئٹزرلینڈ کے سینٹ امیئر میں 3.44 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد اپنے کیریئر میں پہلی بار لیڈر کی پیلی جرسی حاصل کی۔

واضح رہے کہ ٹور ڈی رومانڈی سائیکل ریس 5 مرحلوں پر محیط ہوگی جس کے پہلے مرحلے میں ریس کے شریک سائیکل سوار منچنسٹین سے فریبرگ تک کا سفر طے کریں گے۔ ریس کے پہلے مرحلے کا فاصلہ 194.3 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔ ٹور ڈی رومانڈی سائیکل ریس 6 روز جاری رہنے کے بعد 4مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔ٹور ڈی رومانڈی سائیکل ریس میں انوس گرینیڈیئرز ٹیم کے ہسپانوی سائیکلسٹ کارلوس روڈریگز اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ ٹور ڈی رومانڈی سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن پہلی مرتبہ 1947میں ہوا جو بیلجیم کے سائیکل سوار کیٹیلیر نے جیتا تھا۔