۱شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی: ڈپٹی کمشنر لاہور کا میاں منشی ہسپتال کا دورہ

/ڈی سی سید موسیٰ رضا کا چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے ہمراہ ہسپتال کے وارڈز کا معائنہ ھ*مریضوں کو بروقت امداد، ادویات کا اسٹاک اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

۳لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے میاں منشی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد صحت عامہ کی سہولیات کے معیار کو جانچنا اور شہریوں کو بلا تعطل طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے بھی تھے۔

ڈی سی لاہور نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، او پی ڈی، ایمرجنسی اور دیگر سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور موجودہ طبی و معاون عملے سے ملاقات کی اور انہیں مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے بارے میں ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح طور پر ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے ہر شہری کو مناسب اور بلاتفریق طبی امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ ہسپتال انتظامیہ تمام ضروری ادویات کا مناسب اسٹاک ہر وقت یقینی بنائے تاکہ کسی بھی مریض کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی سی لاہور نے تمام طبی ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل اسٹاف اور معاون عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض تندہی اور لگن سے نبھائیں اور مریضوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہسپتال انتظامیہ پر واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے متعلق معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے دورے کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لاہور کے شہریوں کو ان کا بنیادی حق یعنی صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں۔ انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :