سینیٹر روبینہ خالد کی وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے ملاقات، فیلڈ آپریشنز اور اصلاحات پر گفتگو

عمران احمد شاہ نے چیئرپرسن کو ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور گرد و نواح کے اضلاع کے دورے کی ترغیب دی

بدھ 30 اپریل 2025 23:28

سینیٹر روبینہ خالد کی وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے ملاقات، فیلڈ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ملاقات کی، جس میں فیلڈ آپریشنز کا جائزہ لیا گیا اور پروگرام کی رسائی بڑھانے سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فیلڈ میں خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور نچلی سطح پر درپیش مسائل کا موثر حل ممکن ہو۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے چیئرپرسن کو ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور گرد و نواح کے اضلاع کے دورے کی ترغیب دی تاکہ وہ فیلڈ سرگرمیوں کا خود مشاہدہ کریں اور عملے و مستفیدین سے براہ راست ملاقات کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے حالیہ دورہ قصور بی آئی ایس پی آفس کا تذکرہ کرتے ہوئے مقامی ٹیم کی کارکردگی اور انتظامات کو سراہا۔چیئرپرسن نے غربت کے خاتمے اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے ادارے کی انتھک کوششوں خصوصاً بینظیر ہنر مند پروگرام جیسے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی- یہ فلیگ شپ پروگرام مستفیدین، بالخصوص خواتین، کو عالمی منڈی کی ضروریات سے ہم آہنگ جدید تکنیکی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ انہیں معاشی خودمختاری اور دیرپا بہتری کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

ملاقات کا اختتام اس عزم کے اعادے پر ہوا کہ بی آئی ایس پی کے دائرہ کار اور اثرات کو مزید وسعت دی جائے گی اور معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو شفاف، موثر اور جامع سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :