لاہور، تحریک منہاج القرآن کے بانی ممبران کے اعزاز میں تقریب

پیر 5 مئی 2025 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی ممبران کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، اوکاڑہ، قصور، جھنگ، فیصل آباد اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے بانی ممبران، منہاج القرآن کے ابتدائی اراکین، مرکزی قائدین، تنظیمی ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد ان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہنمائی میں تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی اور اسے مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اپنی آئندہ نسلوں کو بھی اس عظیم مصطفوی مشن سے جوڑیں تاکہ فروغ دین کا کام نسل در نسل جاری و ساری رہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور،سینئر رہنما حاجی محمد امین القادری، نائب ناظم اعلی علامہ رانا محمد ادریس،سیکرٹری کونسل آف فائونڈنگ اینڈ سینئر ممبرز شہزاد رسول قادری،علامہ غلام مرتضی علوی و دیگر نے بھی فائونڈنگ ممبرز کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں راجہ زاہد محمود، شاھد لطیف قادری، حاجی منظور حسین، حاجی محمد سلیم یوسفی، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد الیاس قادری، عابد بشیر قادری سمیت دیگر سینئر رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

دریں اثنا پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ماہانہ مجلس ختم الصلو علی النبیؐ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں بیان کیے گئے انبیائے کرام علیہم السلام اور حضور نبی اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ سے متعلق واقعات ایمان والوں کے لیے سبق، رہنمائی اور بصیرت کے چراغ ہیں۔